متجسس جبلت انسان کی فطرت کا حصہ ہے۔ شروع سے ہی انسان نے کیا، کب، کیوں، اور کیسے جیسے الفاظ کے جوابات حاصل کرنے کے لیے کھوج شروع کی اور کائنات کے پوشیدہ رازوں سے پردہ ہٹایا۔ انسان کی اس متجسس جبلت نے بہت ہی اہم معلومات فراہم کی جس کی بدولت آج دنیا ایک بحر رواں کی مانند ہے جس میں روز ایک نئی چیزکی تحقیق کے بارے میں سننے کو ملتا ہے۔ انسان خوب سے خوب تر کی کھوج میں آج بھی رواں دواں ہے جسے سائنس کی زبان میں تحقیق کہتے ہیں۔ (RESEARCH) کرنا کہتے
کیا آپ جانتے ہیں تحقیق اصل میں کیاہے؟ کیا آپ نے کبھی تحقیق کی ہے؟
گھبرائیں نہیں ہم آپ کو تحقیق سے نہ صرف متعارف کروائیں گے بلکہ آپ کو اسکی اہمیت سے بھی آگاہ کریں گے۔ تحقیق کو اگر بالکل آسان الفاظ میں بیان کیا جائے تو اس کا معنی ہے کہ مسائل کو بہت ہی احسن طریقے سے حل کرنا اور سائنسی طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تجزیہ کرنا۔ تحقیق لغت کے لحاظ سے عربی زبان کا لفظ ہے جس کامطلب ہے کھوج کرنا، چھان بین کرنا، تفتیش، یا دریافت کرناجب انسان تحقیق کو ایک منظم انداز سے کرتا ہے تو ایک نیا علم منظر عام پر آتا ہے۔
تحقیق کی دنیا میں قدم رکھیں تو آپ کو بہت سے افراد اس سے منسلک ملیں گے جو زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کام کررہے ہیں۔ محققین تحقیق کرنا تو چاہتے ہیں پر اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ تحقیق کا موضوع کیا ہو؟
چلیں اس حقیقت سے بھی پردہ ہٹالیتے ہیں۔ تحقیق صرف اپنی ذات کے لئے نہیں کی جاتی بلکہ تحقیق کسی بھی موضوع پر کی جا سکتی ہے اس پر کوئی شرط نہیں۔ لیکن یہ ضروری ہے کہ جس بھی موضوع پر تحقیق کی جا ئے اسے منظم طریقے سے سر انجا م دیا جائے یعنی کہ سب سے پہلے مسئلہ کھوجا جائے اور اس سے متعلقہ سوالات کی سرفہرست بنائی جائے جن کو دوران تحقیق ملحوظ خاطر رکھا جائے اور انہی سوالات کے جوابات کے لئے تحقیق کی جائے۔اس موضوع کی گہرائی میں جا کر ایسے نتائج لائے جائیں جو کہ فائدہ مند ہوں۔تحقیق کا معیا ر بہت اعلیٰ ہونا چاہیے کہ اگر کوئی اس کام کو آگے لے کر جانا چاہیں تو لے کر جا سکیں۔
اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ تحقیق کون لوگ کر سکتے ہیں؟ تحقیق ہر وہ شخص کر سکتا ہے جو متجسس ہو۔ اس کے علاوہ زیادہ تر تحقیق سے منسلک افراد میں فیکلٹی، پوسٹ ڈاکٹر ، گریجویٹ طلباء، انڈر گریجویٹ طلباء، تعلیمی ادارے، سرکاری ایجنسیاں، یا غیر منافع بخش ادارے شامل ہیں۔
اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کس شعبے میں ہیں ، کتنے اعلیٰ درجے پر فائز ہیں یا آپ بہت تعلیم یافتہ ہیں۔ سیکھنے کے لئے اب بھی بہت کچھ ہو ہے جو کی تحقیق کی بدولت ہمیں سیکھنے کو ملتا ہے۔ بالکل یہی اصول انسان کی اپنی زندگی پر لاگو ہو تا ہے۔ انسان اپنی ذاتی زندگی میں نہ جانے کتنے تجربات کرتا ہے اور ان گنت لوگوں سے ملتا ہے، لیکن پھر بھی بہت سی ایسی چیزیں ہوتی ہیں جن کی وجہ سے انسان بے خبر رہتا ہے۔ اسی لیے تو کہا جاتا ہے کہ تحقیق نامعلوم کو کھول دیتی ہے اور دنیاکو مختلف نقطہ نظر سے دریافت کرنے میں مدد کرتی ہے۔
تحقیق کامیابی کا ایک لازمی جز ہے اور اس وجہ سے اس کے بہت سے فوائد ہیں۔تحقیق کرنے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ یہ آپ کے علم کی بنیاد کو بڑھاتی ہے۔ اگر آپ تحقیق کرنے میں مہارت رکھتے ہیں تو کسی بھی موضوع کے بارے میں سیکھنے کے لئے آپ کے پاس بہت کچھ ہوگا۔ اگر آپ نے تحقیق میں نیا نیا قدم رکھا ہے تو تب بھی تحقیق کا عمل سیکھنے اور ترقی کے نئے مواقع کھولتا ہے۔
تحقیق آپکی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ آپ تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔ بعض شعبہ جات میں جیسا کہ سائنس اور سائیکالوجی میں روز نئے نئے تجربات دیکھنے کو ملتے ہیں،ہمیشہ نئی معلومات اور نئی دریافتیں ہوتی رہتی ہیں۔معلومات سے اپڈیٹ رہنا آپ کو پیچھے رہنے اور ایسی معلومات دینے سے روکتا ہے جو غلط ہو۔تحقیق کی مدد سے آپ کسی بھی موضوع پر بہتر طریقے سے بول سکتے ہیں۔
ایک اور اہم بات یہ ہے کہ تحقیق آپکی ساکھ بناتی ہے۔ لوگ آپکی بات کو زیادہ سنجیدہ لیتے ہیں۔ تحقیق کرنا آپ کو ایک ٹھوس بنیاد مہیا فراہم کرتا ہے۔ جس پر آپ اپنے خیالات اورآراء بنا سکتے ہیں اور اس کی مدد سے آپ میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کسی بھی چیز پر تحقیق کرنا، آیا کہ وہ عام ہو یا خاص، کسی بھی چیلنج کی مانند ہے لیکن کامیابی کے بعد جو عزت ملتی ہے وہ بھی کسی اعزاز سے کم نہیں ہوتا۔ اس لیے آپ کو جب بھی موقع ملے اپنی پسند کا موضوع ڈھونڈ کر اس پر کام کریں۔ چاہے وہ آپ کی ڈگری کا حصہ ہو یا پھر آپ اپنے علم میں اضافے کے لئے اس پر کام کریں۔ تحقیق کی مدد سے افرادکے دلوں میں جو وہم و گمان ہوتے ہیں وہ ختم ہو جا تے ہیں۔ ان کے دما غ میں جو ابہام ہو تے ہیں وہ حل ہو جاتے ہیں۔ ان کے ذہن کے دریچوں میں اٹھنے والی الجھنوں کے جوا بات میسر ہو جا تے ہیں۔
تحقیق کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے جس کی مدد سے انسان کو تحقیق مرحلہ وار آگے بڑھانی پڑھتی ہے جس کی ترتیب کا آغاز موضوع کا انتخاب سے ہوتا ہے اور فائنل رپورٹ تیار کر نے پر ختم کی جاتی ہے۔ اگر آپ تحقیق کرنا چاہتے ہیں پر آپ ایک ایسی جگہ کے منتظر ہیں جہاں آپ کو ’الف‘ سے ’ے‘ تک سکھایا جائے تو آپ بالکل سہی جگہ پر ہیں۔ہم آپ کی تحقیق سے منسلک تمام پریشانیوں کو دور کرنے کیلئے جلد کچھ کورسز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جس کو جاننے کے لیے ہماری ویب سایٹ پر وقتاََ فوقتاََ چکر
لگاتے رہیں۔